ن لیگ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، رانا تنویر

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت غریب خاندانوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردنی کی فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھی، چینی اور آٹے پر لوگوں کو پہلے ہی سبسڈی دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ نون ملک کو درپیش موجودہ چیلنجوں سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت فلاح عامہ کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔