بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی قا بل تقلید ہے، وزیر اعلیٰ

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ (خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے حالیہ بارشوں سے پیدا صورتحال کے دوران امداد و بحالی کی سرگرمیوں آبی گزرگاہوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی باالخصوص اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل انکی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایک فعال اور متحرک انتظامی افسر ہی اپنی ٹیم کی رہنمائی کرتے ہوئےضلع کو مثالی بنا سکتا ہے اور کوئٹہ کو موجودہ ڈپٹی کمشنر کی صورت میں ایک بہترین انتظامی افسر ملا ہے جس نےقلیل مدت میں صوبائی دارالحکومت کو درپیش دیرینہ مسائل کی جانب بھرپور توجہ دیتے ہوئے انکے حل کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے جو قابل تعریف اور دیگر انتظامی افسران کے لئے قابل تقلید بھی ہے، ڈپٹی کمشنر محنت اور خلوص نیت سے اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کو پھر سے ایک صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے کے لئے حکومت ضلعی انتظامیہ کو بھرپور معاونت فراہم کریگی دریں اثنا ء وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنروں کو مون سون کے سیزن اور عیدالاضحی کے دوران اپنے اپنے اضلاع میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جسمیں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کی تیاری مکمل رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔