بارشوں کے ریلیف آپریشن میں سول انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو تعاون فراہم کیا جائیگا ،کورکمانڈر

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ +راولپنڈی (خ ن+ اے پی پی )صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور 12کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی کی زیر صدارت بلوچستان بھر میں مون سون بارشوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس پی ڈی ایم اے آفس میں ہوااجلاس میں چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی،آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ بھی موجود تھے۔اجلاس میں مون سون بارشوں میں کیے گے اقدامات پر عمل درآمد اب تک پیشرفت، مزید پیشرفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور بارش منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مختلف اُمور پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔اجلاس میں سینئر ایم بی آر روشن علی شیخ، سیکرٹری اریگیشن،سیکرٹری بلدیات، ڈی جی پی ڈی ایم اے،بریگیڈیئر خالد، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو موجود صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع جہاں بارش ہوئی ہے وہاں ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو کا کام جاری ہے۔بھاری مشینری کے علاوہ تمام ضروری مواد متاثرہ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی پر دن رات کام جاری ہے۔ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام دستیاب مالی اور انسانی وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ کم سے کم ممکنہ وقت میں متاثرہ علاقوں کی بحالی کو یقینی بناکر عوام کو متاثر ہونے سے بچایا جاسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر نے صوبے میں سیلاب کی صورتحال اور مختلف اداروں کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں وزیر داخلہ / PDMA، چیف سیکرٹری بلوچستان اور DG PDMA نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور آبادی کو زیادہ سے زیادہ اور بروقت ریلیف فراہم کرنے پر سول انتظامیہ کو سیکورٹی فورسز کی مدد کو سراہا۔ کور کمانڈر نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور جاری امدادی کارروائیوں میں صوبائی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو سیکورٹی فورسز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کوششوں کو بھی سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو ہدایت کی کہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے ان اضلاع کے متاثرہ دیہات میں امدادی کارروائیوں کا عمل تیز کیا جائے اور متاثرین کو امدادی سامان اور دیگر اشیائے ضروریہ کی بلا تاخیر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ متاثرہ گھروں کے مکینوں کے لئے عارضی رہائش کا بندوبست کیا جائے اور ان علاقوں میں سیلابی ریلوں سے منقطع رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔اُنہوں نے کہاہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے،اُنہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ صوبائی مشیر داخلہ نے کہا کہ صوبے میں سیلاب کے ممکنہ خطرات کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مستعد رہنے کی ہدایت کی ہیں۔ درایں اثناء کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ہفتہ کو پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبہ میں سیلاب کی صورتحال اور مختلف اداروں کے تعاون سے کی جانے والی اب تک کے ریلیف آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میٹنگ میں وزیر داخلہ، پی ڈی ایم اے اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے سول انتظامیہ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت ریلیف آپریشن کیلئے معاونت کو سراہا۔ کور کمانڈر نے حالیہ بارشوں سے قیمتی جانی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے سول انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو جاری ریلیف آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔صوبہ بھر میں مختلف اداروں کی جانب سے حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں ریلیف آپریشن کی کوششوں کو بھی سراہا۔