حکومت ڈیموں کو ٹوٹنے سے بچانےکیلئے اقدامات کرے، بلوچستان ہائیکورٹ

10 جولائی ، 2022
کوئٹہ(خ ن)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ /ووکیشن جج جناب جسٹس نعیم اختر افغان کی عدالت میں کچی پیشی پر ضروری نوعیت کی سیول
متفرق درخواست پیش کی گئی جس میں حکومت بلوچستان کو بذریعہ چیف سیکرٹری فریق بنایا گیا جبکہ دیگر فریقین میں پروجیکٹ ڈائریکٹر 100 ڈیمز بلوچستان، وزیر و ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے اور کمشنر کوئٹہ کو بھی شامل کیا گیا ہے درخواست گزار نے کڈانی ڈیم قلعہ عبداللہ کے ٹوٹ جانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ متعلقہ حکام اس ضمن میں کسی انسانی المیہ سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات نہیں کر رہے ہیں اور رابطہ کرنے کے باوجود درخواست گزار کو کوئی جواب نہیں دیا جا رہا ہے معزز عدالت کی جانب سے درخواست دائر کرنے سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے معزز عدالت کو ساری صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا یا کہ درخواست گزار نے ان سے گزشتہ روز رابطہ کیا تھا جس کا انہوں نے مثبت جواب دیا اور درخواست گزار کو یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ کسی بھی انسانی المیے سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے معزز عدالت کو چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ انہوں نے عید کی تعطیلات پہلے ہی منسوخ کر دی ہیں اور کوئٹہ میں رہنے کو ترجیح دی ہے اور وہ متعلقہ حکام بشمول کمشنر، ڈپٹی کمشنر ، سیکرٹری محکمہ ایریکیشن اور پی ڈی ایم اے کے تمام متعلقہ افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں چیف جسٹس کو انہوں نے مزید بتایا گیا کہ وہ جی او سی کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور کڈانی ڈیم کے ایریا میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا انتظام بھی کیا گیا ہے لیکن موجودہ موسمی صورتحال کے باعث پائلٹ کی جانب سے اڑان سے روکا گیا ہے لیکن جیسے ہی موسم اجازت دیتا ہے وہ متعلقہ ایریا کے لیے اڑان بھریں گے معزز عدالت کو بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث کڈانی ڈیم کے ایریا تک روڈ کے ذریعے رسائی بھی ناممکن ہے مزید یہ کہ وہ خود باقاعدگی سے صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ محکموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے معزز عدالت نے درخواست گزار کے دلائل اور مذکورہ بالا صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست با قاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے جواب دہندگان اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ،عدالت نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو بھی حکم دیا کہ وہ چوکس رہیں اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون کی بارشوں سے ڈیموں کو ٹوٹنے سے بچانے اور انسانی المیہ سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں درخواست کی آئندہ سماعت 13 جولائی کو ہو گی معزز عدالت نے حکم نامہ کی کاپی چیف سیکرٹری بلوچستان کو بھی بھجوانےکا حکم دیا۔