امریکا کا یوکرین کو 40 کروڑ ڈالر کی مزید فوجی امداد بھیجنے کا اعلان

10 جولائی ، 2022

 واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکا نےیوکرین کو40 کروڑ ڈالر کی مزید فوجی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے، تفصیلات کے مطابق امریکا نے یوکرین کے لیے مزید 40 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد بھیجنےکا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ڈونباس کے علاقے میں روسی جارحیت کے مقابلے کے لیے یوکرین کو جدید ہتھیار فراہم کرنا ہے۔امریکہ کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی پر یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یوکرین کو روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ایک ٹویٹ میں زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اس امداد سے دُشمن پر دباؤ ڈالنے میں مدد ملے گی۔امریکی حکام نے جمعے کو بتایا کہ 40 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد میں چار جدید آرٹلری راکٹ سسٹم (ہیمارس) اور اہداف کو مہارت کے ساتھ نشانہ بنانے والے 155 ملی میٹر کے ایک ہزار آرٹلری راؤنڈز شامل ہیں۔ کیف کو اس سے قبل امریکہ نے اس نوعیت کے ہتھیار فراہم نہیں کیے تھے۔راکٹ سسٹم ہیمارس برق رفتاری کے ساتھ پوزیشنز بدلنے اور اہداف کو ٹھیک نشانہ لگانے کی صلاحیت سے لیس ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جمعے کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ہتھیار جدید اور اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیتوں سے لیس ہیں۔اہل کار کا کہنا تھا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ یوکرینی افواج ان ہتھیاروں کا بہتر استعمال کرنے میں کامیاب ہوں گی کیوں اب تک یہ ہتھیار میدان جنگ میں بہت کامیاب رہے ہیں۔