جاپان، پولیس کا سابق وزیراعظم کی سیکورٹی میں خامیوں کا اعتراف

10 جولائی ، 2022

ٹوکیو (جنگ نیوز )جاپان کی پولیس نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شنزو آبے کی سیکورٹی میں خامیاں تھیں، ہفتے کو مقتول شنزو آبے کی میت ٹوکیو میں ان کے گھر پہنچا ئی گئی ۔دوسری جانب جاپانی حکام نے خیال ظاہر کیا ہے کہ جمعے کی صبح نارا کے مغربی شہر میں سابق وزیراعظم شینزو آبے کو قتل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی گن گھریلو ساختہ تھی۔شنزو آبے جمعے کو نارا خطے کے کاشیہارا شہر کے ایک ہسپتال میں اس وقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے، جب انہیں انتخابی مہم کے دوران گولی مار دی گئی تھی۔حکام نے بتایا کہ قاتلانہ حملے میں سابق وزیر اعظم کی گردن کے دائیں جانب زخم آیا تھا اور ان کے سینے کے بائیں جانب سے نیچے کی طرف سے خون بہہ رہا تھا۔ ہسپتال پہنچنے سے پہلے انہیں کارڈیوپلمونری ارسٹ کا سامنا کرنا پڑا یعنی ان کی سانس اور دل کی دھڑکن دونوں رک گئی تھیں۔67 سالہ آبے جاپان کے سب سے طویل عرصے تک خدمت انجام دینے والے وزیراعظم تھے۔