104رکنی پاکستانی دستہ ،62 حکومتی خرچے پر،42کی زمے دار اولمپک ایسوسی ایشن

10 جولائی ، 2022

کراچی(نمائندہ جنگ) حکومت کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے والے پاکستان کے104رکنی دستے میں62کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اخراجات برداشت کرنے بعد دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز اپنے اور نصف کا خرچہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن برداشت کرے گی،حکومتی فیصلے سے بیڈ منٹن، با کسنگ اور سوئمنگ کے کھیل زیادہ متاثر ہوں گے، بیڈ منٹن فیڈریشن کو خود یا پی او اے کی مدد سے کھلاڑیوں کی شرکت کے لئے کہا گیا ہے،گیمز میں مراد علی، حافظ عرفان سعید، ماہور شہزاد اور غزالہ صدیقی کو ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔قومی چیمپئن ماہور شہزاد نے کہا ہے کہ اس قسم کے فیصلوں سے کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کے معیار میں بہتری نہیں لائی جاسکتی ہے۔سوئمنگ میں چھ میں سے ایک حکومتی خرچے پر جائے گا، باکسنگ ،ہاکی اور بعض دوسری فیڈریشنوں کو نئی صورت حال سے آگاہ کردیا گیا ہے،اس حوالے سے پی او اے کا کہنا ہے کہ گیمز منتظمین کو فہرست بھیج دی گئی تھی، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے بھی آگئے ہیں اس مر حلے پر کچھ نام واپس لینے سے عالمی سطح پر اچھا تاثر نہیں جاتا ہے اس لئے ہم ان تمام کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے،یہ قومی وقار کا معاملہ ہے،دوسری جانب پی ایس بی کا کہنا ہے کہ میڈلز والے کھلاڑیوں کی حمایت کررہے ہیں جوائے ٹرپ کے لئے کسی کھلاڑی یا آفیشل کو ملک کے موجودہ معاشی صورت حال میں اخراجات برادشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔دریں اثناء پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کامن ویلتھ گیمز میں کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی کرنے کے حکومتی فیصلے پر بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔