سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی رعایت کے نوٹیفکیشن کی تجدید نہ ہو سکی،ہزاروں بیروزگار پریشان

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی بالائی حد میں رعایت کے نوٹیفکیشن کی سالانہ تجدید نہ ہو سکی ہزاروں بیروزگار تعلیم یافتہ افراد شدید ذہنی کوفت و پریشانی میں مبتلا تفصیلات کے مطابق چند برس قبل سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد 43 سال کر دی گئی تھی جس کا نوٹیفکیشن ہر سال جاری کیا جاتا ہے ۔امسال جون میں نوٹیفکیشن کی مدت ختم ہونے کے باوجود نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے بیروزگار افراد میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اکثر نوجوانوں نے جنگ سے گفتگو میں بتایا تھا کہ بلوچستان کی تعلیمی پسماندگی اور دیگر مسائل کو مدنظررکھتے ہوئے سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد 43سال مقرر کرنا دانشمندانہ اقدام ہے لیکن اب ایک ماہ گزرنے کے باوجود نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکا جبکہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن اور دیگر صوبائی محکموں میں درجنوں آسامیوں کی تشہیر ہو چکی ہے انہوں نے وزیر اعلی میر عبدالقدوس بزنجو سے اپیل کی کہ سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں رعایت کے نوٹیفکیشن کی تجدید کی جائے۔