عیدالا ضحی اللہ رب العزت کی جانب سے اپنے فرمانبرداربندوں کیلئے انعام ہے

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی خطیب مولانا انوار الحق حقانی نے کہا ہے کہ عیدالا ضحی اللہ رب العزت کی جانب سے اپنے فرمانبرداربندوں کیلئے انعام ہے عید خوشیاں سمیٹنے کے ساتھ ساتھ خوشیاں بانٹنے کا بھی تقاضا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر ہم غریبوں ناداروں اور سفید پوش افراد اور خاندانوں کی ضروریات پوری کرتے ہوئے انہیں بھی اپنی عید کی خوشیوں میں شامل کریں گے تو ہمیں عید کی حقیقی خوشیاں حاصل ہوں گی اپنے عید پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالا ضحی مسلمانوں کیلئے اللہ رب العزت کا انعام ہے یہ موقع ہمیں آپس میں رواداری بھائی چارے امن وآشتی کا پیغام دیتا ہے انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت غنی حضرات کو چاہیے کہ وہ اپنے کلی محلوں میں غریب مسکین اوریتیموں کا خصوصی خیال رکھیں انہوں نے کہا صاحب ثروت حضرات اپنے ارد گرد اور ایسے لوگوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کریں جنہوں نے قربانی نہیں کی -