حکومت بارش متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے وسائل بروئے کالار ہی ہے،روشن علی شیخ

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ (خ ن)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے حالیہ مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر اور ڈی سی کوئٹہ شہک بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کلی امان اللہ کلی محمد شہی اور گوہر آباد مین ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے انہوں نے کہا کہ مصیبت زدہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرینگے صوبائی حکومت تمام متاثرہ افراد اور علاقوں کو فوری ریلیف دینے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جہاں جہاں بارشوں اور سیلاب سے نقصان پہنچا ہے انکی ہر ممکن مدد کی جاے گی روشن علی شیخ نے مزید کہا کہ صوبائی انتظامیہ کے دوروں کا مقصد ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینا ہے تاکہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایات ہیں کہ نالوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ عوام کی جان ومال کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جہاں جہاں بھی آبی نالوں کے راستوں پر تجاوزات قائم ہیں انکے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔