قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی،بشریٰ رند

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ(خ ن)پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و سماجی بہبود محترمہ بشریٰ رند نے اپنے پیغام میں اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ آپ کی زندگیوں میں خوشی کے مواقع بار بارآتے رہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ اسلام اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی تسلیم ورضا کی یادگار ہے، آج کے دن عظیم شخصیات نے اطاعت وایثارکی لازوال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دورسے گزر رہا ہے، قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہوگا۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے اپنے پیغام میں عیدالاضحیٰ سے وابستہ قربانی کے فلسفے اور اہمیت کو سمجھنے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ قربانی کی عظمت کو اُجاگر کرنے کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے تاہم آج کے دن اس کی اہمیت کئی گناہ بڑھ جاتی ہے۔ درایں اثناپارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و سماجی بہبود محترمہ بشری رند نے جے یو آئی (ف) کے سیکریٹری جنرل سینٹر مولانا عبدالغفور حیدری کے بھتیجے شاہ فہد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔