بلوچستان اور سندھ میں 30 سال کی اوسط سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں، شیری رحمان

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عیدالاضحٰی کے موقع پر پیغام میں لوگوں سے مون سون کی بارش میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کی ہے، شیری رحمان نے کہا کہ ہم اس سال عید مون سون کی شدید بارشوں کے دوران منا رہے ہیں، پاکستان میں اس سال خشک سالی کے بعد معمول سے زیادہ مون سون کی بارشیں ہو رہی ہیں،سندھ اور بلوچستان میں 30 سال کی اوسط سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں، شدید بارشوں کی وجہ سے چھوٹے بڑے شہروں میں پانی کھڑا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے نالوں اور سیوریج کے نظام پر پہلے ہی بارش کے پانے کا دبائو ہے، عوام سے اپیل ہے کہ قربانی کسی مخصوص اور مختص شدہ جگہ پر کریں،گلی گلی میں قربانی کرنے سے آلودگی بڑھے گی اور پانی کے نالے بند ہو جائیں گے ، جانوروں کی کھالیں اور آلائشوں کو کھلی جگہ اور گلیوں میں نہ پھینکیں، پلاسٹک کی تھیلیوں اور بوتلوں کے استعمال سے گریز کریں، شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ تمام خطرناک فضلہ آلودگی اور پانی کی نکاسی میں رکاوٹ کا سبب بنتے ہیں ، ذمہ دار شہری کی طرح بارشوں کو مد منظر رکھتے ہوئے قربانی کے وقت صفائی کا خیال رکھیں۔