عید کی خوشیوں میں نادارافراد کو بھی خیال رکھاجائے‘ چنگیز جمالی

10 جولائی ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی ، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے اہل وطن کو عید الاضحٰی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی عبادات میں ملک اور صوبے میں امن و استحکام اور ترقی کی خصوصی دعائیں ‘ غرباء ، مساکین اور نادار افراد کا خاص خیال رکھ کر انہیں بھی خوشیوں میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جہاں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہیں وہاں عید کا یہ پر مسرت موقع مسلمانوں میں قربانی ، انصاف ، رواداری ، مساوات ، تحمل مزاجی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع دراصل ایک عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا اور اس امر کا متقاضی ہے کہ انسانیت کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لئے صبر ، استقامت ، ایثار اور قربانی کا جذبہ ہونا لازمی ہے انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر اور تشکیل میں قربانی ، صبر اور استقامت ان کے عروج اور ترقی کے ضامن بنتے ہیں۔