عیدالاضحیٰ قربانی اور ایثار کے جذبے کو فروغ دینے کا نام ہے‘ صادق سنجرانی

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد(پ ر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحی کے موقع پر قوم اور پوری مسلم امہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس اسلامی تہوار کے حقیقی درس کو سمجھنے کی اہمیت موجودہ دور میں بڑھ گئی ہے۔عید الاضحی قربانی،ایثار اور احساس کے جذبے کو فروغ دینے کا نام ہے۔ عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال روایت قائم کی جو تاقیامت جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سماجی و اقتصادی سطح پر جن مسائل کا سامنا ہے ان کامقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور اپنے تمام مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ عید الاضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ان بہن بھائیوں کو بھی نہ بھولیں جو معاشی طور پر بہت پیچھے رہ گئے ہوں۔ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔