ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج،نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سالمیت کیلئے دعائیں ہونگی

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد (اے پی پی)ملک بھر میں عید الاضحیٰ ( آج ) اتوار کو روایتی مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں لاہور ، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوگا، کراچی، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الاضحیٰ کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاکے لئے دعائیں کی جائیں گی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ روایتی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ اتوار کو منائی جارہی ہے۔ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں مقیم افغان مہاجرین نے ہفتہ 9 جولائی کو عیدالاضحی منائی ،پشاور کے نواحی علاقوں شمشتو ، خراسان مہاجر کیمپ، بورڈ بازار، افغان کالونی، ناصر باغ روڈ، حیات آباد کے بعض علاقوں اور پھندو میں مقیم افغان مہاجرین نے سعودی عرب کیساتھ ہفتہ کے روز عید منائی جبکہ وزیر ستان میں بھی ہفتہ کے روز عید منائی گئی ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں ہفتہ کو عید الاضحیٰ منائی گئی۔ متحدہ عرب امارات، قطر، اومان اور اردن سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی عید الاضحی منائی گئی۔ مکہ المکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ المنورہ میں مسجد نبوی میں لاکھوں فرزندان اسلام نے عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی۔