مضبوط دفاع کے بغیر ترقی ناممکن، چین کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد(شِنہوا،نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی اور تعاون کو مزید نئی بلندی پر لے جانے کی توقع رکھتا ہے۔ وزیراعظم آفس میں دئیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بدلتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے کے باوجود، پاکستان اور چین مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان عوامی تبادلوں میں نئی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور پاکستانی عوام کودوطرفہ تعاون سے فائدہ ہورہا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں بڑی مدد ملی ہے اور یہ کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) اس منصوبے کا ایک اہم پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ پاکستان سی پیک کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔ سی پیک کے پہلے تعمیراتی مرحلے سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری ہوئی ہیں اور پاکستان چینی جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری ملک میں لانے اور صنعت سازی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ صدر شی جن پھنگ کی طرف سے تجویز کردہ گلوبل سیکورٹی انیشیٹو (جی ڈی آئی)کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی آئی تمام ممالک کے لیے خوشحالی اور ترقی کے حصول میں مدد کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ چین کے مجوزہ جی ڈی آئی کا ایک عظیم مقصد ہے، جو عالمی امن اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ کہ سیکورٹی کے بغیر کسی قسم کی ترقی حاصل نہیں کی جاسکتی۔پاکستان چین کے ان دونوں اقدامات کا بڑا حامی ہے اور مستقبل میں اس حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں فعال شرکت کا منتظر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ مضبوط ارادے اور وسیع وژن کے حامل وژنری رہنما ہیں۔ وہ صدر شی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور ریاستی حکمرانی کے ان کے تجربے اور فلسفے سے سیکھتے رہنے کی امید کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین نے کوویڈ-19 کی وبا کے دوران پاکستان کو خاطر خواہ مدد فراہم کی ، ویکسین اوروبا سے بچاو کا دیگرمواد فراہم کرنے ساتھ ساتھ انسداد وباکی کوششوں میں مدد کے لئے اپنےماہرین پاکستان بھیجے ۔ حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی کو بہت اہمیت دیتی ہے اور وزارت داخلہ چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام صوبوں سے رابطے میں ہے۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ترکی کی حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم کی جانب سے عید کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر ایردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترک صدر نے بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے دعا بھی کی۔ اس تناظر میں، صدر ایردوان نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لیے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے 7ویں اجلاس میں صدر ایردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ہفتہ کو ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مملکت بحرین کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قریبی تعلقات نے مختلف شعبوں بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں گہرے دوطرفہ تعاون کے اہم مواقع فراہم کیے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے عید کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کیلئےباہمی تعاون کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ ایمان، باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔