منیٰ:حجاج آج تینوں شیطانوں کو سات سات کنکریاں ماریں گے

10 جولائی ، 2022

منٰی (راحت منیر) لاکھوں فرزندان توحید آج تینوں شیطانوں جمرہ عقبہ، جمرہ وسطی اور جمرہ اولی کو سات سات کنکریاں ماریں گے، گزشتہ روز صرف جمرہ عقبہ کو سات کنکریاں ماری گئیں تھیں، قبل ازیں عازمین حج مزدلفہ میں رات بسر اور کنکریاں لے کر منٰی پہنچے تھے۔ جہاں سے جمرات گئے اور بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں جس کے بعد سنت ابراھیمی کی ادائیگی کی، پھر مردوں نے سر منڈوائے جبکہ خواتین حجاج نے کم از کم ایک ایک انچ کے برابر بال ترشوائے اور طواف زیارت کے لئے خانہ کعبہ گئے، قربانی کیلئے حجاج کو ٹوکن جاری کئے گے تھے جیسے جیسے قربانی ہوتی رہی حجاج کو آگاہ کیا جاتا رہا جس کے بعد حج کے باقی واجب ادا کئے گئے، کل بارہ ذوالحجہ کو بھی تینوں شیطانوں کو سات سات کنکریاں ماری جائیں گی اس کے بعدحجاج منٰی سے نکل جائیں گے جو عازمین حج منٰی میں موجود رہیں گے ان کو تیرہ ذوالحجہ کو بھی تینوں شیطانوں کو سات سات کنکریاں مارنا ہوں گی، بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بوڑھے جوان بالخصوص خواتین عازمین حج کا جوش قابل دید تھا، اللہ اکبر کے نعروں کے ساتھ شیطان کو کنکریاں ماریں گئیں، سعودی حکومت نے اس عمل کو سہل بناتے ہوئے تینوں شیطانوں کے کمپلیکس پانچ پانچ منزلہ کئے ہوئے ہیں جس کے باعث عازمین نے انتہائی آرام کے سات دس ذوالحجہ کو جمرہ عقبہ کنکریاں ماریں، عازمین حج کمپلیکس میں ایک طرف سے داخل ہوکر دوسری طرف سے نکلتے رہے، مزدلفہ سے منٰی، منٰی سے جمرات اور جمرات سے مکہ مکرمہ تک سفید احرام میں ملبوس حجاج کا سمندر رواں دواں تھا، شدید گرمی کے باوجود جمرات کمپلیکس میں پانی کی پھوار پھینکتے پنکھوں کے باعث کسی قسم کی کوئی گھٹن محسوس ہوئی نہ گرمی سے پریشانی ہوئی۔ سیکیورٹی اور رضاکاروں کی بھاری تعداد ہر جگہ تعینات تھی، ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کا کام بھی جاری رہا۔