عیدپر اڈیالہ جیل سے 220اسیروں کی رہائی، قیدیوں کیلئے قربانی کا اہتمام

10 جولائی ، 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)عیدالاضحیٰ کے موقع پر سنیٹرل جیل اڈیالہ سے 220اسیروں کورہا کر دیاگیا۔عید سے قبل آخری ورکنگ ڈے کوجیل انتظامیہ رات گئے تک مصروف رہی اورمختلف عدالتوں سے آنیوالی رہائی کی روبکاروں پرقانونی کارروائی کرکے رہائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس دوران 191حوالاتیوں اور29 قیدیوں کورہائی ملی۔ادھرحکومت پنجاب کی جانب سے عیدقربان کے موقع پرقیدیوں کے لئے ایک ماہ کی معافی کااعلان کیاگیاجس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اڈیالہ جیل کے ایک قیدی کورہائی ملی جب کہ دیگر 61اسیروں کواس معافی سے فائدہ پہنچا۔ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی اسدجاویدوڑائچ نے عیدسے قبل اسیروں سے ان کے عزیزواقارب کی ملاقات کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے جس کی وجہ سے آخری ورکنگ ڈے میں 15سوسے زیادہ افرادنے اڈیالہ جیل میں مقیداپنے پیاروں سے ملاقاتیں کیں ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل آج عیدالاضحیٰ کی نمازقیدیوں کے ہمراہ جیل کی جامع مسجدمیں اداکریں گے جب کہ عیدکے روزاسیروں کے لئے ناشتہ ،ظہرانہ اورعشائیہ کاخصوصی اہتمام کیاگیا ہے ،اوراس حوالے سے خاص پکوان تیارکرائے جائیں گے ۔جیل انتظامیہ نے مخیرحضرات کے تعاون سے اسیروں کے لئے عیدقربان کے تینوں دن قربانی کابھی اہتمام کیاہے ،عیدکے دنوں میں اسیروں کے لئے ان کے گھروں سے کھانا وصول کرنے کابھی انتظام کیاگیاہے۔