انسان کا اپنے خالق کی رضا کے سامنے سرتسلیم خم کرنا قربانی ہے، ساجدنقوی

10 جولائی ، 2022

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عیدالاضحی کے موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاہے کہ انسان کا اپنے خالق کی رضا اور مرضی کے سامنے سرتسلیم خم کرنا قربانی کہلاتاہے۔ حضرت ابراہیم ؑ و اسماعیل ؑ کی لازوال قربانی انسانیت اور اسلام سے وابستہ لوگوں کے لئے اطاعت و ایثار کا عملی نمونہ ہے تاکہ وہ اپنے مفادات‘ ذاتی خواہشات‘ غلطیوں‘ کوتاہیو ں اور خطاؤں کو قربان کرنے کے بعد جانور کی قربانی کریں۔عید الاضحی کے بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم انبیاءکرام‘ ائمہ معصومین ؑ‘شہدائے اسلام کی قربانی ، بالخصوص حضرت ابراہیم و اسماعیل ؑ کی قربانی سے سبق لیتے ہوئے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک راہ متعین کریں گے اور امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی میں رکاوٹ بننے والے عوامل‘ بحرانوں‘ چیلنجز اور مشکلات کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں گے۔