اسلام آباد میں جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے بیگ تقسیم

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد( نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں میں جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے لئے مفت بیگز تقسیم کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ۔ یہ بیگز ماحول دوست ہونگے جو بائیو ڈیگرڈیبل مٹیریل سے تیار کئے گئے ہیں۔ بیگ اسلام آباد کے مختلف سکٹوریل ایریاز سمیت دیہی علاقوں میں بھی تقسیم کئے جارہے ہیں جن کو سی ڈی اے کا متعلقہ عملہ عیدالاضحی کے پہلے اور دوسرے روز اکٹھا کرکے مختص کردہ جگہوں پر تلف کردے گا۔ شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے شہریوں میں 70 ہزار سے زائد بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں جبکہ 10 ہزار بیگز اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے اسلام آباد شہر کو 4 مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں 2000 سے زائد عملہ اور 100 زائد مختلف اقسام کی گاڑیاں فیلڈ میں چوبیس گھنٹے موجود رہیں گی ۔ ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔ شہری صفائی کے حوالے سے معاملات یا اْوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کے لئے 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555 9223171 پر رابطہ بھی کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہری واٹس ایپ پیغام یا ایس ایم ایس کے ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج بھی سکتے ہیں۔سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی شہریوں سےتعاون کی اپیل کی ہے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعرفان نواز میمن نے کہاہے کہ عید الاضحٰی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے پلاننگ کر لی گئی ہے ،اس سلسلے میں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں تقریباً 45مقامات پر پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں کھدائی کرلی گئی ہے۔