پی ڈی ایم حکومت نہ سنبھالتی تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا‘ راجہ جاوید اخلاص

10 جولائی ، 2022

کلر سیداں (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی راجہ محمد جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم حکومت نہ سنبھالتی تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا۔ سابقہ حکومت نے تعمیرو ترقی کا پہیہ روک دیا جس کی وجہ سے چین اور سعودی عرب نے بھی منہ موڑ لیا تھا۔ وہ ہفتہ کو بینک چوک کنوہا میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے شوکت محمود بھٹی، چوہدری شاہد گجر، ناہید بھٹی، راجہ کامران اور دیگر بھی موجود تھے۔ راجہ صغیر احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا پروگرام پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے پروگرام جلد بحال ہو جائیگا۔ میرے مخالفین ابھی سیاست میں طفل مکتب ہیں۔ جاوید اخلاص نے کہا کہ سی پیک منصوبہ روکنے کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج سے ملکی سیاست کا تعین ہوگا۔