کالام میں ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی، درجنوں افراد متاثر، مریض ہسپتال منتقل

10 جولائی ، 2022

سوات(نمائندہ جنگ)سوات کی وادی کالام میں ہیضے کی وباء پھوٹ پڑی۔ درجنوں افراد متاثر ہوکر ہسپتال پہنچا دیئے گئے۔ وادی کالام کے موضع شہو اور ملحقہ علاقوں میں ہیضے کی وباء سے بچے اور بڑے سب متاثر ہوگئے ہیں اور چالیس سے زائد افراد کو کالام ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ چند مریضوں کی حالت نازک ہونے پر سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر محمد سلیم کے مطابق محکمہ صحت نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے ہیضے پر قابوپالیا اور مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات بہم پہنچادی گئی ہیں انہوں نے کہاکہ ہیضے کی وجوہات جاننے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیم انکوائری کررہی ہے۔