سیاحوں کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، وزیراعلیٰ

10 جولائی ، 2022

پشاور(نامہ نگار،جنگ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر کے سیاحتی مقامات پر سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں،اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنرز ،تمام ریجنل پولیس آفیسر ز ،تما م ڈپٹی کمشنرز اور تمام ڈسٹرکٹ پولیس افسران کےنام جاری ہونےوالے سرکولر میں کہاگیاہےکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے کے تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی سمیت تمام دیگر ضروری انتظامات کئے جائیں تاکہ عید کے موقع پر کسی قسم کی ناخوشگوار صورت حال پیش نہ آسکے،سرکولر میں مزید ہدایت کی گئی ہےکہ صوبے کے تمام سیاحتی مقامات کی طرف جانے والی سٹرکوں پر عید کی چھٹیوں میں ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کےلئے ٹریفک پولیس کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں ۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے عید الاضحی کے موقع پر سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کو ہمہ وقت کھلا رکھنے کے خصوصی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔وزیر اعلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ وزیر اعلی نے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ کو سیاحوں کی سہولت کے لیے تمام مقامات پر بھر پور انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔