سابق سینیٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما طاہر مشہدی کراچی میں انتقال کر گئے

10 جولائی ، 2022

کراچی، اسلام آباد(ایجنسیاں، نمائندہ خصوصی، نیوزرپورٹر،وقائع نگار)سابق سینیٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما طاہر مشہدی کراچی میں انتقال کر گئے۔طاہر مشہدی پیپلز پارٹی سے قبل ایم کیو ایم سے منسلک تھے، وہ سینیٹر بھی رہے ۔اہلخانہ کے مطابق طاہر مشہدی کئی روز سے علیل تھے۔طاہر مشہدی کی نمازجنازہ آج بعد نماز ظہر ملیر کینٹ امام بارگاہ میں ادا کی جائیگی اور ان کی تدفین آرمی قبرستان میں ہو گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی،سابق صدر آصف علی زرداری ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،وفاقی وزیر شازیہ مری ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی ،قائد ایوان سینیٹ سینیٹراعظم نذیر تارڑ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم و دیگر سابق سینیٹر طاہر مشہدی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورطاہر مشہدی کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ، اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحوم طاہر حسین مشہدی ایک مدبر سیاستدان تھے ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔