سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا،سر اج الحق

10 جولائی ، 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) میر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملت اسلامیہ پاکستان کو عید الاضحی اور قربانی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ہر مسلمان سنت ابراہیمی ؑادا کرتے ہوئے یہ عہد کرتاہے کہ رضائے الٰہی کے حصول کے لیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ قربانی کے موقع پر صاحب حیثیت افراد سنت ابراہیمی ؑ ادا کرتے ہوئے غربا، مساکین، یتیموں، بیواؤں، بے سہارا لوگوں کو بھائی چارے کے اصول کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قربانی کا گوشت دیں تاکہ ان کے گھروں میں بھی خوشی کا اہتمام ہوسکے۔سراج الحق نے کہا کہ یہ شاید ہماری زندگیوں میں پہلی عید الاضحی ہے، جس میں ہمیں بہت مختلف صورتحال کا سامنا ہے۔ ہر گزرتے دن کیساتھ ہماری تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نفرت اور دشمنی کے الزامات والی شدید تقسیم اور پولرائزڈ سیاسی ماحول میں، تمام سیاسی لیڈرز کو سیاسی ماحول کی تنزلی پر حقیقی معنوں میں فکر مند اور پریشان ہونا چاہیے کیونکہ دن بدن ملک شدید پولرائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا راستہ اپنانا چاہیے۔ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز،ورکرز اور سپورٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اس پر مسرت موقع پر آئیے نفرت، عدم برداشت، بد تہذیبی اور الزامات کی سیاست سے ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں۔ یہی ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور اسی میں برکت اور عزت ہے۔کیونکہ غصے، الزامات اور بد نیتی سے ہم نہ تو محفوظ منزل تک پہنچ سکتے ہیں اور نہ ہی ایک عظیم قوم بن سکتے ہیں۔