بائیڈن کے دورے سے قبل اسرائیلی حکام کا فلسطینی صدر سے رابطہ

10 جولائی ، 2022

تل ابیب (جنگ نیوز )فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکی صدر جو بائیڈن کے علاقائی دورے سے چند دن قبل صہیونی ریاست کے وزیر دفاع سے غیر معمولی ملاقات کے بعد جمعہ کو اسرائیلی وزیر اعظم سے بات کی۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محمودعباس اور وزیر اعظم یائر لیپڈ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ صبح سویرے ہوا اور گزشتہ ہفتے نفتالی بینیٹ کی جگہ لیپڈ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی بات چیت ہے۔لیپڈ کے دفتر نے کہا کہ دونوں نے تعاون کا تسلسل برقرار اور پرسکون رہنے کی ضرورت پر گفتگو کی۔گانٹز کے دفتر نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ گانٹز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر رام اللہ کا سفر کیا اور امریکی صدر بائیڈن کے دورہ اسرائیل سے قبل سیکیورٹی اور سویلین کوآرڈینیشن پر تبادلہ خیال کیا۔یہ بات چیت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں بائیڈن بطور صدر مشرق وسطیٰ کا پہلا دورہ کرنے والے ہیں۔