سوات، شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، پانی پلازوں و دکانوں میں داخل

10 جولائی ، 2022

سوات(نمائندہ جنگ)سوات میں رات گئے شدید بارش کے دوران ندی نالوں میں طغیانی آگئی، فضاگٹ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔ پانی پلازوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جس سے قیمتی اشیاء کو نقصان پہنچا۔ سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں رات کے وقت شدید طوفانی بارش ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ برساتے نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، فضاگٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بھاری مشینری سے ملبہ ہٹادیا جبکہ پلازوں سے بھی پانی نکال دیا گیا۔