دیہی علاقوں میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے‘ رانا محمد اشرف

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) ماشا یونائیٹڈ فٹ بال ٹیم کے صدر رانا محمد اشرف خان نے کہا ہے کہ ملک کے دیہی علاقوں میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ینگ بلڈ فٹ بال کلب ٹھیکری والا کے زیراہتمام ینگ بلڈ فٹ بال لیگ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات رانا تنویراحمد، قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان سمر اسحاق، آرگنائزنگ سیکرٹری رانا وقاص اعظم اور ینگ بلڈ کلب کے کوچ رانا محمد شفیق کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے لیگ کے کامیاب انعقاد پر ینگ بلڈ کلب کے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا گراس روٹ سطح لیگ کا منعقد کروانا خوش آئند بات ہے۔