ضمنی الیکشن ن لیگ اور تحریک انصاف کی سیاسی بقاء کا معاملہ

10 جولائی ، 2022

لاہور (پرویز بشیر ) عید کے بعد سیاسی و انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ جائینگی اور آئندہ چند ہفتے ملک کے سیاسی و حکومتی استحکام کا تعین کرینگے اس استحکام کے ساتھ ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحالبھی منسلک ہے۔ 17جولائی کو ہونے والے انتخابات تحریک انصاف کے لئے خاص طور پر انتہائی اہمیت کے حامل ہونگے اگر وہ ان انتخابات میں مطلوبہ نشستیں حاصل نہ کر سکی تو اس کی سیاسی منزل بہت دور ہو جائے گی اور مسلم لیگ (ن) سرخرو ہو کر آئندہ سال تک باآسانی اپنا اقتدار کا سفر جاری رکھ سکے گی تاہم اگر تحریک انصاف پنجاب کا اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے جس کا امکان کم ہے تو اس کے کامیابی کے اثرات وفاق کو بھی ہلا کر رکھ دے گی اور پھر غیر یقینی صورتحال کا ایسا سلسلہ شروع ہو گا کہ یہ مرکزی حکومت کے خاتمے پر منتج ہو سکتا ہے۔ بدحال معیشت مزید ابتری کا شکار ہو جائے گی مہنگائی جو کہ اب بھی غروج پر ہے لیکن ایک امید ہے کہ چند ماہ میں بین الاقوامی حالات اور اندریں کوششوں سے کچھ سنبھال جائے گی انتشار اور غیر یقینی کی صورتحال میں خرابی بڑھ جائے گی آئندہ چند ماہ میں اہم تقرریاں بھی ملکی حالات پر اثر ڈا لیں گی اگر یہ تقرریاں جن میں فوج کے سربراہ اور پھر نیب کے چیئرمین کی تقرری معمول کے مطابق ہو جاتی ہے تو یہ جمہوریت اور ملک کے لئے نیک شگون ہو گا تاہم ایک خدشہ اور بھی ہے کہ تحریک انصاف ضمنی انتخاب میں ناکامی کے بعد اس کو تسلیم نہ کرے اور دھاندلی کا الزام عائد کرکے احتجاج کا سلسلہ شروع کر دے لیکن حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ایسا نہ کر سکے گی کیونکہ ان کے ایسے کیسز سامنے آنے والے ہیں جن کے نتیجے میں اہم گرفتاریاں شروع ہو جائیں گی۔