ایسے معاشرے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ریاست شہریوں کیلئے جنت ہو‘ زرداری

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد (وقائع نگار) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے عید الاضحٰی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد رکھا جائے جو اس وقت ظلم، جبر اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں۔ آصف علی زرداری نے کشمیریوں کو اس وقت سفارتی مدد کی سخت ضرورت ہے دنیا بھر میں آباد مسلمان بھائی اور بہنیں اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ آصف علی زرداری نے کہا آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے آج عید کی خوشیوں میں غریبوں اور بے سہارا بھائیوں بہنوں کی مدد کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ سابق صدر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی، سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے، ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو۔