مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 55ویں برسی منائی گئی

10 جولائی ، 2022

لاہور‘ اسلام آباد (این این آئی‘ نمائندہ خصوصی‘ نیوز رپورٹر) مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی55 ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مادر ملت کی برسی کے حوالے سے ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے زیراہتمام قرآن خوانی کی محفلیں اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ فاطمہ جناح 1967 میں 8 ،9جولائی کی درمیانی شب 76 برس کی عمرمیں قصر فاطمہ کلفٹن کراچی میں مختصرعلالت کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں ان کا قائدانہ کردار پاکستانی خواتین کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم مادر ملت کو سلام پیش کرتی ہے۔ مادرِ ملت نے اپنے بھائی محمد علی جناح کی بیماری کے دوران ان کی بہترین دیکھ بھال کی، پاکستان کیلئے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر ملت کی قیام پاکستان، بانی پاکستان اور تعمیر پاکستان کے لئے عظیم خدمات پر انہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح، قائداعظم محمد علی جناح کی بہن ہی نہیں، بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں۔ ان کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا۔ قائداعظم کی زندگی کے آخری 19برس محترمہ فاطمہ جناح لمحہ بہ لمحہ اپنے بھائی کے ساتھ رہیں۔