او جی ڈی سی ایل اور پاکستان پٹرولیم کی گیس پیداوار میں مسلسل کمی

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان میں سب سے زیادہ گیس پیدا کرنیوالی دونوں سرکاری کمپنیوں او جی ڈی سی ایل اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی گیس کی یومیہ پیداوار مزید کم ہو گئی ہے‘ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی گیس کی یومیہ پیداوار 900سے کم ہو کر 690ملین ملین کیوبک فیٹ یومیہ رہ گئی ہے۔ اسی طرح آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی گیس کی یومیہ پیداوار 1250سے کم ہو کر 1050ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔ ان دونوں سرکاری کمپنیوں کے مستقل ریگولر منیجنگ ڈائریکٹر نہیں ہیں۔ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد سلیم نے پی ٹی آئی حکومت کے دوران گزشتہ سال استعفیٰ دیا تھا مگر انکی جگہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی رخصتی تک اس قومی ادارے کا مستقل ریگولر منیجنگ ڈائریکٹر مقرر نہیں کیا۔ موجودہ اتحادی حکومت نے بھی او جی ڈی سی ایل کا نیا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔ او جی ڈی سی ایل کی ہڑتال 9جولائی کو ساتویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ ہڑتال او جی ڈی سی ایل کے ایکٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر کی جگہ مستقل منیجنگ ڈائریکٹر نہ لگائے جانے کیخلاف ہے۔