آج کامقدس دن ایثار، قربانی اور اللہ کی اطاعت کا پیغام ہے ،وزیراعظم

10 جولائی ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس دن ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا پیغام ہے۔ ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ امت مسلمہ کو نادار اور مستحقین کی مدد کیلئے اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں عید الاضحٰی کے مبارک اور پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کی ہے اور کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی مضبوط قوم بن کر ابھریں گے، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج اور قربانیاں قبول فرمائے۔ آمین! عیدالاضحٰی ہمیں اللہ تعالیٰ کے حکم پر حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم ورضا کی یاد دلاتی ہے ۔ ان عظیم شخصیات کو اللہ تعالی ٰنے جب امتحان سے گزارا تو دونوں نے اللہ کے حکم پر سر تسلیم خم کر دیا۔ اللہ تعالیٰ کوان کا یہ جذبہ اس قدر پسند آیا کہ اسے قیامت تک ایمان والوں کیلئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دیدیا۔ گویا کہ قربانی کی یہ عبادت اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مومن بندے کی طرف سے اس عزم کا اظہار ہے کہ اسکی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی اور ایثار کیلئے وہ ہمہ وقت تیار ہے۔ صدر نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے قربان کرنا ہے۔صدر نے کہا کہ یہ جذبہ انسان میں ایسی صلاحیت کو جنم دیتا ہے کہ جس کی بدولت وہ بڑی سے بڑی مشکل صورت حال میں بھی راہ ِراست سے نہیں بھٹکتا۔ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچارہے اس میں ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔صدر نے کہا کہ عید الاضحٰی کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، حرص، طمع ولالچ اور خود غرضی کی بجائے اخوت، ایثار، محبت اور غم خواری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور آزمائش کی اس گھڑی میں مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر ہو۔ آمین