ضمنی انتخابات شفاف ہوئے تو تحریک انصاف تمام نشستوں پر کامیاب ہو گی،شاہ محمود

10 جولائی ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر ضمنی انتخابات شفاف ہوئے تو تحریک انصاف تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی، امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام پر مسلط کردیا گیا ہے جس پر عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے، عوام 17 جولائی کو بلے پر نشان لگا پر مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا بہتر جواب دیں گے، لوٹے اور منحرف اراکین منہ چھپا کر رات کے اندھیرے میں عوام کے پاس ووٹ مانگنے آتے ہیں، عمران خان نے قوم کا شعور بیدار کیا، لوگ اپنے مینڈیٹ کی چوری پر چوروں کو چور نہیں کہیں گے تو اور کیا کہیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل 45‘46 میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا ملک میں سیاسی استحکام سے ہی تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں، غیر یقینی صورتحال میں نہ معیشت مضبوط ہو سکتی ہے۔ اور نہ ادارے، غیر یقینی صورتحال ختم کرنے اور سیاسی استحکام کیلئے فی الفور انتخابات قوم کی آواز ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایک سازش اور مداخلت کے تحت ملکی ترقی کا سفر روک کر غیر یقینی صورتحال پیدا کردی گئی، حکومت ن لیگ کے گلے کا پھندا بن چکی ہے جب کہ حکومت کے کچھ حلیف تماشا دیکھ رہے ہیں، عوام پی پی‘ ن لیگ سے چند ہفتوں کی کارکردگی کی بدولت مزید متنفر ہو چکے ہیں، اگر کچھ عرصہ حکمران مزید اقتدار میں رہے تو ملکی حالات بہتری کی طرف جانے کی بجائے مزید بگڑجائیں گے جس کی ذمہ داری 11 جماعتوں کی ہوگی، ان تمام مسائل کا حل فوری طور پراسمبلیاں تحلیل اور نئے انتخابات کا انعقاد ہے، اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی ابراہیم خان نے کہا پی پی‘ ن لیگ دونو ں جماعتوں نے ملک لوٹا اور بیرون ملک اکاؤنٹس کھولے، عمران خان وہ واحد قائد ہیں جنہیں قوم اور آنے والی نسلوں کی فکر ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی 217 سے تحریک انصاف کے امیدوار مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے ہر فرد میں سیاسی شعور بیدار کیا، پی پی 217 کے ووٹرز صحیح اور غلط کا فرق سمجھتے ہیں، 17 جولائی کو بلے پر مہر لگا کر امپورٹڈ حکومت سے ملک کو نجات دلائیں، انہوں نے مزید کہا میں عمران خان کا پیغام لے کر عوام کے پاس حاضر ہوا ہوں، ہر ووٹر اس بار نظریے کو دیکھ کر اپنا ووٹ دے گا، دریں اثنا زین قریشی نے یونین کونسل 53 میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی، اس موقع پر علاقہ مکینوں کی جانب سے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔