ملتان سمیت مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف احتجاج

10 جولائی ، 2022

ملتان/ شجاع آباد/جہانیاں (سٹاف رپورٹر/ نامہ نگاران) ملتان سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بند کر دیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر، مسافروں کو مشکلات کا سامنا، ملتان کے نواحی علاقے مخدوم رشید اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر شہریوں نے موٹر وے بلاک کر کے احتجاج کیا، احتجاج سے دو طرفہ ٹریفک بلاک ہو گیا، موٹر وے بند ہونے کی وجہ سے لاہور اور پنڈی بھٹیاں سے ملتان و سندھ کی طرف سے آنے اور جانے والی ٹریفک بند ہو گئی، موٹر وے بندش کی اطلاع پر ایس پی موٹر وے اقبال چدھڑ و دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے اور کئی گھنٹوں بعد مذاکرات کر کے موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھلوایا، میپکو حکام کے مطابق گزشتہ شب موٹر وے انٹرچینج کے پاس اور 17کسی کے علاقے میں کچھ پولز کے کراس اور کنڈکٹر ٹوٹ گئے تھے جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی،دریں اثنا ء ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم فور تمام طرح کی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کیلئے کھول دیا گیا ہے۔دریں اثنا شجاع آباد میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، توڈر پور میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے واپڈا دفتر کے سامنے احتجاج کیا، علاوہ ازیں پل چھوٹی نہر پر لوہار کالونی کے مکینوں نے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سڑک بلاک کر کےٹائر جلاکر احتجاج کیا۔مظاہرین نے کہا کہ سخت گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پینے کا پانی بھی میسر نہیں ہے ‘جہانیاں کے نواحی اڈہ 109 ٹن آر کے قریب نیشنل ہائی وے روڈ پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے لودھراں خانیوال بائی پاس نیشنل ہائی وے روڈ بلاک کردی اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی،دوسری جانب ملتان میں مسلم لیگ (ق)،تحریک انصاف کی جانب سے لوڈشیڈنگ ، مہنگائی ، پیٹرولیم مصنوعات اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف خانیوال روڈ پر احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) لیبر ونگ پنجاب کے سنئیر نائب صدر و ترجمان ضلع رانا محمد حفیظ، تحریک انصاف کے رہنما مدثر اقبال کاظمی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے، اس حکومت نے لوڈ شیڈنگ ، پیٹرولیم مصنوعات ،آئل ،گھی، آٹا اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو عید پر قربان کر دیا ہے، 17جولائی کو ضمنی الیکشن میں پنجاب کے عوام ان کو شکست دے کر سبق سکھائیں گےمظاہرے میں سیاسی رہنمائوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔