کانگو اور ڈینگی کا شکار خانیوال کے تین بھائی صحتیاب

10 جولائی ، 2022

ملتان، خانیوال (سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) کانگو اور ڈینگی وائرس کے شکار خانیوال کے تین قصاب بھائی صحتیاب، نشتر سے ڈسچارج کر دیا گیا، نشتر ہسپتال ملتان انتظامیہ کے مطابق زبیر، ذیشان اور امجد کو مکمل طور پر آئسولیشن میں رکھا گیا، سینئر ترین ڈاکٹرز کے زیر نگرانی علاج معالجے کی تمام سہولیات مہیا کی گئیں اور مرض کے دوسرے لوگوں اور عملہ میں منتقل ہونے سے بچائو کے تمام ضروری اقدامات کیے گئے، اس کے علاوہ محکمہ صحت لاہور، ملتان اور خانیوال کو بھی بروقت ان کی اطلاعات دی گئیں تاکہ ان کے علاقے میں ضروری اقدامات کیے جاسکیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر خانیوال ڈاکٹر خالد نسیم کے مطابق ابتدائی طور پر ان وائرس کے شکار مریضوں کے گھر اور ہمسایوں کے گھروں پر سپرے کروایا گیا، ڈی ایچ او ڈاکٹر ارشد ملک نے بتایا کہ تینوں بھائیوں میں کانگو وائرس کی تصدیق کے بعد اسلام پارک میں ان کے گھر کے دائیں اور بائیں تمام محلے میں ایس او پیز کے تحت کام کیا گیا، تینوں بھائیوں کی ٹریولنگ ہسٹری بھی ہے، یہ تینوں بھائی گوشت کاکام کرتے ہیں اور جانوروں کی خریداری کے سلسلے میں اکثر بہاولپور جاتے ہیں اور وہاں سے جانور خرید کر لاتے ہیں۔