جانوروں کی آلائشیں فوری اٹھائی جائیں‘عید پر ہر جگہ صفائی نظر آئے،وزیراعلیٰ حمزہ

10 جولائی ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور ہر ضلع کی انتظامیہ کو زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے - وزیر اعلی نے کہا عید پر ہر جگہ صفائی نظر آئے، صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور جہاں بھی کمی کوتاہی نظر آئی تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن ہو گا ، آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے اور گلی محلوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ، غفلت کسی صورت برداشت نہیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران عید الاضحٰی پر فیلڈ وزٹ کرکے صفائی پلان کا جائزہ لیں۔ تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے آنے والوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے عیدالاضحی پر صوبے کے سیاحتی مقامات خصوصا مری جانے والے سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں،ہوٹلوں اور پارکنگ کی اوور چارجنگ روکنے کیلئے انتظامی افسران زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کریں۔اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔