لاہور ادبی عجائب گھر

منصور آفاق
10 جولائی ، 2022
میں نے جب سےمجلسِ ترقیٔ ادب کے زیراہتمام لاہور ادبی عجائب گھر بنایا ہے،میں دنیا بھر کے عجائب گھروں کے متعلق تحقیق کرتا رہتا ہوں کہ کون سا میوزیم کیسا ہے ۔ اس کی شہرت کا سبب کیا ہے ۔میں کس طرح اپنے میوزیم کو بین الاقوامی سطح پر لا سکتا ہوں خاص طور پر اس وقت جو دنیا میں نئے عجائب گھر بنائے گئے ہیں ،انہیں بنانے کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی ؟
گزشتہ سال دنیا میں جو دس بڑے میوزیم بنائے گئے ان میں سب سے اہم ناروے کا نیشنل میوزیم ہے جو پورےسکینڈے نیویا کا سب سے بہتر آرٹ میوزیم ہے، اس میں پانچ ہزار کے قریب فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں، جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ اسے شمالی یوری کی سب سے بڑی آرٹ لائبریری قرار دیا گیا ہے ۔ ایک اہم ترین میوزیم دبئی میں بنایا گیا ہے ،اس میوزیم کی عمارت کی شکل آنکھ جیسی بنائی گئی ہے ۔ یہ عجائب گھر مصنوعی ذہانت، خلائی تحقیق اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ہے ۔اس میں ایسی چیزیں تخلیق کر کے رکھی گئی ہیں جن سے پتہ چلے کہ لوگ آنے والے برسوں میں زندگی کیسے گزاریں گے ؟ فرانس میں بھی ایک حیرت انگیز میوزیم بنایا گیا ہے اس کا نام ’’ کلونی میوزیم ‘‘ رکھا گیا ہے ،یہ قرونِ وسطیٰ کے موضوع پر بہت پہلے پیرس میں بنایا گیا تھا مگر اسے پھر بند کردیا گیا تھا۔اس کا سبب اس کی عمارت تھی جو رومن تھرمل باتھ کمپلیکس پر بنائی گئی تھی جو قدیم و جدید فن تعمیر کے اشتراک سے تیار ہونے والی ایک عجیب و غریب عمارت تھی ۔اس عمارت میں کچھ مسائل پیدا ہو گئے تھے ۔ان پر قابو پالیا گیا ہے اور اسے عوام کےلئے کھول دیا گیا ہے ۔ ہانگ کانگ میں ایک میوزیم اسی ماہ اوپن کیا جارہا ہے ۔اس میوزیم کا نام ’’ پیلس میوزیم ‘‘ ہے ۔یہاں نو سو سے زائد چینی فن پارے رکھے گئے ہیں اور اس میں نایاب کتابیں یعنی پرانے قلمی نسخے اور شاہی نوادرات سجائے گئے ہیں ۔یہ بہت ہی جدید میوزیم ہے ۔
ترکی میں استنبول ماڈرن میوزیم بنایا گیا ہے ۔یہ جدید اور عصری آرٹ کا پہلا میوزیم ہے ۔دوہزار چار میں یہ استنبول کے کاراکوئے واٹر فرنٹ پر بنایا گیا تھا ۔ پھراسے ایک دوسرے کمپلیکس میں منتقل کر دیا گیا مگر ابھی بنانے والے مطمئن نہیں اور اب یہ طے پایا ہے کہ اسے اطالوی معمار رینزو پیانو کی ڈیزائن کردہ عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔ اس میں لائبریری، ڈیزائن بوتیک اور سنیما گھر بھی ہوں گے۔
امریکہ میں میں نیو یارک تھیٹر انڈسٹری کی تاریخ پر مبنی میوزیم ٹائمز اسکوائر پر کھلنے والا ہے، اس میں ویڈیوز اور دیگر تاریخی اشیاء تھیٹر کی تاریخ کو مزید یادگار بنائیں گی۔اس کا نام میوزیم آف براڈ وے رکھا گیا ہے ۔
مصر کا گرینڈ میوزیم جس عمارت میں بنایا گیا ہے اس کی لمبائی تقریباً ایک کلو میٹر ہے ۔اس کے اندر مصری تہذیب و ثقافت سے متعلقہ تقریباًایک لاکھ اشیا رکھی گئی ہیں ۔یہ اسی سال نومبر میں عوام کےلیے کھول دیا جائے گا ۔اسے دنیا کے سب سے بڑا میوزیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہے گا ۔
سڈنی ماڈرن میوزیم کی عجیب و غریب عمارت مکمل ہونے کو ہے ۔سڈنی (آسٹریلیا) نے اپنی 150ویں سالگرہ کے موقع پر نیو ساؤتھ ویلز کی آرٹ گیلری کو بڑھاتے ہوئے اس میں سڈنی ماڈرن میوزیم کو بھی شامل کر دیا ہے۔ سبز چھتوں، سولر پینلز اور بارش کے پانی کے دوبارہ استعمال سے یہ آسٹریلیا کی پائیدار ترین عمارتوں میں سے ایک ہو گی۔
جنوبی کوریا میں روبوٹ سائنس میوزیم تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ یہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں کھل رہا ہے۔ اسے روبوٹس اور ڈرونز کی مدد سے بنایا گیا ہے ۔یہاں صرف انسان نگران ہوں گے۔ اس میوزیم کا دائرہ ورچوئل رئیلٹی، روبوٹکس، مصنوعی ذہانت اور ہولوگرام ٹیکنالوجی پر پھیلا ہوا ہے اور اب آخر میں اپنے ہمسایہ ملک کے ایک میوزیم کا بھی حوالہ دے دوں جو اسی سال انڈیا کے شہر بنگلور میں کھل رہا ہے ۔تاجر ابھیشیک پودار کی کولیکشن میں سے 18 ہزار سے زیادہ نمونے یہاں نمائش کےلئے رکھے گئے ہیں ۔ ٹیکسٹائل، مجسموں اور پینٹگز کے علاوہ میوزیم اپنی ویب سائٹ پر بھی ڈیجیٹل نمائشیں پیش کرے گا۔
سوال یہ ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کہاں کھڑا ہے ؟میری معلومات کے مطابق پاکستان میں لاہور عجائب گھر،عجائب گھر پشاور،لوک ورثہ ، اسلام آباد،عجائب گھر، بہاولپور ،قومی عجائب گھر پاکستان،ٹیکسلا کا عجائب گھر،قصور میوزیم،چترال میوزیم،عجائب گھر موہنجو دڑو، ہنڈ میوزیم، صوابی ،شاہی قلعہ میوزیم، لاہور، ہڑپہ کا عجائب گھر، عجائب گھر بنوں،لائل پور میوزیم، فیصل آباد، پشکلاوتی میوزیم، چکدرہ عجائب گھر سندھ، حیدرآباد، مردان میوزیم ،گوڑکھتری میوزیم، پشاور،عجائب گھر عمر کوٹ،اقبال منزل، سیالکوٹ، ہیڈ پنجند میوزیم، سوات میوزیم،بھنبھور میوزیم، سندھ ، قومی تاریخی عجائب گھر، لاہور،لائیڈ بیراج میوزیم، سکھر،وزیر مینشن ، کراچی ،ٹھٹھہ میوزیم ، سندھ،مزارِ قائد میوزیم ، کراچی ،جیولوجیکل میوزیم، کوئٹہ ،پاکستان ریلوے ہریٹیج میوزیم راولپنڈی پاکستان ،میوزیم آف نیچرل ہسٹری، اسلام آباد،یادگار پاکستان عجائب گھر، اسلام آباد وغیرہ شامل ہیں۔
اسٹیٹ بینک میوزیم، کراچی ، ان کے علاوہ آرمی کے میوزیم بھی بڑے اہم ہیں ۔ راولپنڈی میں جو آرمی میوزیم ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے ۔یہ 1961 میں پاک فوج کے ماضی کو تصویروں کے ذریعے محفوظ کرنے کے لیے کھولا گیا تھا اور یہ پاکستان کے سب سے بڑے عجائب گھروں میں سے ایک ہےمگر افسوس کہ ان تمام عجائب گھروں کی موجودگی میں بھی پاکستان دنیا کے مقابلے میں اپنے ماضی کومحفوظ رکھنے میں بہت پیچھے ہے ۔میں نے جو مجلس ترقی ادب کے تحت پاکستان میں پہلا ’’لاہور ادبی عجائب گھر ‘‘ بنایا ہے ،اس کی ترویج و ترقی کےلئے تر دماغوں اور مضطرب دلوں سے گزارش ہے کہ میرا ساتھ دیں ۔
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس
ایپ رائےدیں00923004647998)