فلم لفنگے کونازیبا جملے اور مناظر نکالنے کے بعد ریلیز کی اجازت

10 جولائی ، 2022

کراچی (این این آئی) پاکستان بورڈ آف فلم سینسرز (سی بی ایف سی)سمیت ملک کے تمام فلم سینسر بورڈز نے آنے والی فلم لفنگے سے نازیبا جملے اور مناظر نکالنے کے بعد اسے عید الاضحی پر ریلیز کی اجازت دے دی۔وفاقی فلم سینسر بورڈ سی بی ایف سی نے فحش جملوں اور نازیبا اشاروں کی وجہ سے گزشتہ ہفتے لفنگے کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔سمیع خان، مانی، سلیم معراج اور مبین گبول کی فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جون کے آخر میں ریلیز کرتے ہوئے اسے عید الاضحی پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ہارر کامیڈی فلم کی کہانی 4 ایسے نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جن کے خواب بڑے ہوتے ہیں مگر وہ ان کی تکمیل کا طریقہ نہیں جانتے۔مرکزی فلم سینسر بورڈ نے لفنگے پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ فلم کی ٹیم کے پاس فل بورڈ کے پاس اپیل کرنے کا حق ہوگا جس کے بعد فلم کی ٹیم نے اسے ریلیز کرنے کے لیے فل بورڈ کے سامنے درخواست دائر کی تھی۔فلم بورڈ میں مرکزی فلم سینسر سمیت صوبائی فلم سینسر بورڈ کے سینئر ارکان شامل تھے جنہوں نے لفنگے کی ٹیم کی دخواست کا جائزہ لے کر فلم سے فحش جملے اور نامناسب اشارے نکالنے کی شرط پر اسے ریلیز کی اجازت دی۔ فلم کے مرکزی اداکار سمیع خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ لفنگے کو تمام فلم سینسر بورڈز نے ریلیز کی اجازت دے دی جس کے بعد اب فلم کو اعلان کردہ شیڈول کے مطابق عید الاضحی پر ریلیز کیا جائے گا۔فلم کے مرکزی اداکار سلمان شیخ المعروف مانی نے فلم سے پابندی ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اب اہل خانہ کے ہمراہ عید قرباں کے موقع پر سینماوں میں آکر ان کی فلم دیکھیں۔لفنگے کے ساتھ عید الاضحی پر مہوش حیات، کبری خان اور ہمایوں سعید کی فلم لندن نہیں جاوں گا اور ماہرہ خان اور فہد مصطفی کی فلم قائد اعظم زندہ باد بھی ریلیز ہوں گی۔