لاہور سے کراچی ڈرامہ منتقل ہونے کے اسباب تلاش کرنا ضروری ہے، مدیحہ شاہ

10 جولائی ، 2022

لاہور ( این این آئی)نامور اداکارہ مدیحہ شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے ، ان وجوہات کو تلاش کرنا ضروری ہے کہ لاہور کا ٹی وی ڈرامہ کراچی کیسے منتقل ہوا ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور ہمیشہ سے ادب اور ثقافت کے ساتھ ٹی وی ڈرامے کا گڑھ رہا ہے مگر پچھلے چند برس سے ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کراچی منتقل ہو گئی ،ہمیں ان اسباب کو تلاش کرنا چاہیے جس کی وجہ سے ٹی وی ڈرامہ اور لاہور کے فنکار کراچی منتقل ہوئے جو چند ایک لاہور میں موجود ہیں وہ بھی کراچی جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں ۔ مدیحہ شاہ نے کہا کہ کراچی میں ڈرامہ بننا کوئی بری بات نہیں لیکن لاہور سے ٹی وی ڈرامہ ختم ہونا تشویشناک ہے ۔ آج فلم اور ٹی وی کا سب سے بڑا مرکز کراچی بن چکا ہے ۔ اب ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بغیر اپنی غلطیوں کو ڈھونڈ کر ان کی تلافی کرنا ہو گی اور لاہور کو دوبارہ ٹی وی ڈرامے کا گڑھ بنانے کے لئے رائٹر ز، ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز سمیت سب کو اپنااپناحصے کا کردار ادا کرنا ہو گا ۔