مضبوط دفاع کے بغیر ترقی ناممکن، چین کیساتھ ملکر آگے بڑھیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

10 جولائی ، 2022

 لاہور،اسلام آباد(خصوصی نمائندہ ،مانیٹرنگ سیل،نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مظبوط دفاع کے بغیر ترقی ناممکن ہے،چین کیساتھ ملکر آگے بڑھیں گے پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی اور تعاون کو مزید نئی بلندی پر لے جانے کی توقع رکھتا ہے۔ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ بدلتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے کے باوجود، پاکستان اور چین مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں ، عوامی تبادلوں میں نئی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور پاکستانی عوام کودوطرفہ تعاون سے فائدہ ہورہا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں بڑی مدد ملی ہے اور یہ کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) اس منصوبے کا ایک اہم پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ سی پیک کے پہلے تعمیراتی مرحلے سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری ہوئی ہیں اور پاکستان چینی جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری ملک میں لانے اور صنعت سازی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) اور صدر شی جن پھنگ کی طرف سے تجویز کردہ گلوبل سیکورٹی انیشیٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی آئی تمام ممالک کے لیے خوشحالی اور ترقی کے حصول میں مدد کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ چین کے مجوزہ جی ڈی آئی کا ایک عظیم مقصد ہے، جو عالمی امن اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ کہ سکیورٹی کے بغیر کسی قسم کی ترقی حاصل نہیں کی جاسکتی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے ان دونوں اقدامات کا بڑا حامی ہے اور مستقبل میں اس حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں فعال شرکت کا منتظر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ مضبوط ارادے اور وسیع وژن کے حامل وژنری رہنما ہیں۔ وہ صدر شی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور ریاستی حکمرانی کے ان کے تجربے اور فلسفے سے سیکھتے رہنے کی امید کرتے ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ 100 سال سے زیادہ عرصے سے ترقی کر رہی ہے، جس کی وجہ سے چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن گیا اور مطلق غربت کا خاتمہ ہوا، پاکستان ان قابل قدر کامیابیوں سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے کوویڈ-19 کی وبا کے دوران پاکستان کو خاطر خواہ مدد فراہم کی ، ویکسین اوروبا سے بچاو کا دیگرمواد فراہم کرنے ساتھ ساتھ انسداد وباکی کوششوں میں مدد کے لییاپنیماہرین پاکستان بھیجے ۔ وزیراعظم نے کہا وزارت داخلہ چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام صوبوں سے رابطے میں ہے ، پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ،علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریفنے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ صدر اردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دعا بھی کی اور آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لئے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے عالمی توانائی اور خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔دورہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کومزید وسعت ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مملکت بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی اور عید کی مبارک باد دی۔ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کے لیے باہمی تعاون کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ ایمان، باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے لاہور میں عید الاضحیٰ کے حوالے سے عوام کی سہولت کے لیے اقدامات اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں چوبیس گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں.وزیراعظم نے واسا حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کاروائی جائے. مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جانی چاہیے چھٹیوں میں بارہ کہو سے مری تک فیملیز کے لیے فری شٹل سروس چلائی جائے. علاوہ ازیں وزیراعظم نے حکام کو غیر قانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کے لیے مناسب حکمت عملی بنانے کی ہدایت اور کہا کہ مویشی منڈیوں تک عوام کی سہولت کے لئے شٹل سروس کو یقینی بنایا جائے عید کی چھٹیوں میں دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے. اور عید کے بعد محکموں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے .جس محکمے کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہوئی. اس کی سرزنش کی جائے گی. اجلاس میں مشیر وزیر اعلی , خواجہ سلمان رفیق , رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر, چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب پولیس ، کمشنر لاہور ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر لاہور ، سیکرٹری سیاحت پنجاب, سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب , سیکرٹری صحت پنجاب, چیرمین اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی , صوبائی و ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اور پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی. چیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شرکت کی.دریں اثناء وزیر اعظم نے امت مسلمہ کو عیدالاضحی کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے امت مسلمہ کو نادار اور مستحقین کی مدد کے لئے اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا ، وزیراعظم نے مادر ملت فاطمہ جناح کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی ،قیام پاکستان کے بعدشدید علیل قائد کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا اور اپنے عظیم بھائی کی وفات کے بعد انھوں نے ان کا مشن آگے بڑھانے کا کام سنبھالا۔ اللہ تعالی مادر ملت کے درجات بلند فرمائے۔