ایسے معاشرے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جہاں ریاست شہریوں کیلئے جنت ہو، زرداری

10 جولائی ، 2022

کراچی(جنگ نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غربت ، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف جنگ لڑتی رہے گی۔ ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو۔عید الاضحٰی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین نے کہا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد رکھا جائے۔ کشمیری عوام اس وقت ظلم ،جبر، اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں۔ کشمیریوں کو اس وقت سفارتی مدد کی سخت ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں آباد مسلمان بھائی اور بہنیں اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔دوسری جانب سابق صدر مملکت آصف علی زرداری عید منانے آبائی شہر نواب شاہ پہنچ گئے سابق صدر آصف ذرداری نماز عید ذرداری ہاؤس میں ادا کریں گے اور کارکنوں سے عید بھی ملیں گے جبکہ آبائی قبرستان میں والدین کی قبر وں پر حاضری دیں پھولوں کی چادر چڑھائیں گے پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں ضلع شہید بے نظیر آباد میں کلین سوئپ کیا ہے۔