مادرملت فاطمہ جناح کی 55 ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی

10 جولائی ، 2022

لاہور، اسلام آباد( این این آئی)مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی55 ویں برسی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔مادرملت کی برسی کے حوالے سے ملک بھرمیں سیاسی جماعتوں کے زیراہتمام قرآن خوانی کی محفلیں اورمختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا فاطمہ جناح 1967 میں 8 ،9جولائی کی درمیانی شب 76 برس کی عمرمیں قصر فاطمہ کلفٹن کراچی میں مختصرعلالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاست میں ان کا قائدانہ کردار پاکستانی خواتین کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم مادر ملت کو سلام پیش کرتی ہے، قائداعظم محمد علی جناح کے لیے ان کی بھرپور حمایت تحریک پاکستان کے لیے تقویت کا باعث بنی۔ عارف علوی نے کہاکہ سیاست میں ان کا قائدانہ کردار پاکستانی خواتین کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ مادرِ ملت نے اپنے بھائی محمد علی جناح کی بیماری کے دوران ان کی بہترین دیکھ بھال کی، پاکستان کیلئے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔