سابق سینیٹر پی پی رہنما طاہر مشہدی کا انتقال شہبازشریف، زرداری ،بلاول بھٹو چیئرمین سینٹ و دیگرکا اظہار تعزیت

10 جولائی ، 2022

کراچی، اسلام آباد(ایجنسیاں)سابق سینیٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما طاہر مشہدی کراچی میں انتقال کر گئے۔طاہر مشہدی پیپلز پارٹی سے قبل ایم کیو ایم سے منسلک تھے، وہ  سینیٹر بھی رہے ۔اہلخانہ کے مطابق طاہر مشہدی کئی روز سے علیل تھے۔طاہر مشہدی کی نمازجنازہ بعد نماز ظہر ملیر کینٹ امام بارگاہ میں ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین آرمی قبرستان میں ہو گی۔وزیراعظم نے پیپلز پارتی کے رہنما سابق سینیٹر کرنل (ر)طاہر حسین مشہدی کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرنل (ر)طاہر حسین مشہدی کی ملک و قوم کے لئے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی ، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر طاہر مشہدی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحو م سابق سینیٹر طاہر مشہدی نے کراچی شہر کی ترقی کیلئے بھرپور آواز اٹھائی۔ آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر طاہر مشہدی کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق سینیٹر طاہر مشہدی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ طاہر مشہدی ایک زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان تھےاور شہر کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مؤثر کردار ادا کرتے رہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم طاہر مشہدی کی مغفرت اور درجات بلندی کی دعا کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی سابق سینیٹر کرنل ریٹائرڈ سید طاہر حسین مشہدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحوم طاہر حسین مشہدی ایک مدبر سیاستدان تھے ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ملک میں جمہوریت کے فروغ اور ایوان بالاء میں قانون سازی کے حوالے سے مرحوم سینیٹر کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی ،قائد ایوان سینیٹ سینیٹراعظم نذیر تارڑ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مرحوم سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انھوں نے سابق سینیٹر طاہر حسین مشہدی کے انتقال پر اہل خانہ کے ساتھ اظہار افسوس اور دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔