پنجاب ضمنی الیکشن میں مقابلہ سخت، واضح برتری مشکل ہے ، تجزیہ کار

10 جولائی ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیو زکے پروگرام ’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافیوں اور تجزیہ کارو ں نے کہا ہے کہ پنجاب ضمنی الیکشن میں مقابلہ سخت ہوگا، کسی کیلئے بھی واضح برتری حاصل کرنا مشکل ہے ، تاہم ن لیگ کا وسیع تجربہ ہے ، ان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے ، وہ زیادہ نشستیں لے گی ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ ، سینئر تجزیہ کار بینظیر شاہ ، سینئر تجزیہ کار حبیب اکرم نے کیا جبکہ ماہر معاشیات خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال دیکھیں تو اسٹیٹ بینک کی آؤٹ لک زیادہ حقیقی نظر آتی ہے، آئندہ مالی سال میں مہنگائی 18فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہو یا آمریت ہر دور میں سیاسی جماعتیں دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ حکومت میں آکر آزادیٴ صحافت کو یقینی بنائیں گے، صحافیوں پر حملوں کو روکیں گے اور میڈیا کو آزادی دیں گے، لیکن جب وہ اپوزیشن سے حکومت میں آتے ہیں تو صحافیوں پر مقدمات اور حملوں کا سلسلہ پہلے کی طرح جاری رہتا ہے، حکومت میں آنے سے پہلے عمران خان آزادیٴ صحافت کا علم اٹھاتے تھے، مگر پی ٹی آئی کے تین سالہ دور میں عمران خان کی پالیسیوں پر سوال اٹھانے والے صحافیوں کا گھیرا تنگ کیا گیا مگر آج ایک بار پھر وہی کچھ ہوتا نظر آرہا ہے جو پچھلے تین سال دیکھا گیا۔