بلدیاتی الیکشن سے قبل تبادلے و تقرریاں، الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا

10 جولائی ، 2022

کراچی ( آن لائن ) بلدیاتی الیکشن سے قبل تبادلے وتقرریاں، الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے سے قبل تبادلے اور تقرریوں کا الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو مراسلہ ارسال کردیا۔ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے سے قبل صوبے میں تبادلے اور تقرریوں کا الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لے لیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے ایس پی کشمور امجد شیخ کا تبادلہ کرکے ایس پی حیدرآباد تعینات کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے جارہا ہے، اس دوران پوسٹنگ الیکشن پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔صوبائی الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ کو ایس پی کشمور کا تبادلہ فوری واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے اعلان اور مکمل نتیجہ آنے تک کسی سرکاری شخص کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اس لیے ایس پی کشمور امجد شیخ کا تبادلہ فوری واپس لیا جائے اور اس تبادلے کو بلدیاتی الیکشن کے انعقاد اور نتائج تک روک دیا جائے۔واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آئندہ ہفتے کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویڑن کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں۔ سندھ کے پہلے مرحلے میں اندرون سندھ ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں صوبے کی حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مارا تھا جس پر وفاق میں پی پی کی اتحادی جماعتوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر سرکاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔