پنجاب میں ہمیں ٹارگٹ کیا گیا ،پرویز الٰہی عدالتی فیصلے کے آپریشن سے برسرِ اقتدار آئے، عمران خان نہ تو پہلے ہم سے پنجاب لے سکتے تھے اور نہ انہوں نے اب ایسا کیا، رانا ثناء

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمیں ٹارگٹ کیا گیا،پرویز الٰہی عدلیہ کے فیصلے کے آپریشن کے نتیجے میں برسرِ اقتدار آئے، عمران خان نہ تو پہلے ہم سے پنجاب لے سکتے تھے اور نہ انہوں نے اب ایسا کیا۔ اداروں سے نہ تعاون مانگا اور نہ چاہئے،پرویز الٰہی نے 186اراکین کی کابینہ نہ بنائی تو دوسرے یا تیسرے دن ہم تحریک عدم اعتماد پر غور کررہے ہونگے، اگرپنجاب میں میرا داخلہ بند کیا گیا تو یہ گورنر راج کا آغاز ہو گا، پی ٹی آئی مرکز پر حملہ آور ہونا چاہتی ہے تو شوق پورا کرلے، ہم تیار ہیں، 25مئی کی ایکسرسائز انکے ذہن میں ہو گی، جو شخص خودپرستی میں مبتلا ہو اس سے کیا بات ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب اورگزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خان زادہ کے ساتھ‘‘ میں بات کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں پنجاب میں ٹارگٹ کیا گیا ہے، اداروں سے نہ تعاون مانگا اور نہ چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی نے 186 اراکین کی کابینہ بنائی تو پھر ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ایک مہینہ لگے گا، اور اگر 186 اراکین کی کابینہ نہ بنائی تو دوسرے یا تیسرے دن ایسے حالات ہوں گے کہ ہم تحریک عدم اعتماد پر غور کررہے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نہ ہم سے پنجاب واپس لے سکتے تھے نہ انہوں نے واپس لیا ہے، چوہدری پرویز الٰہی عدلیہ کے فیصلے کے آپریشن کے نتیجے میں برسرِ اقتدار آئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا اگر پی ٹی آئی مرکز پر حملہ آور ہونا چاہتی ہے تو اپنا شوق پورا کرلے، ہم پوری طرح تیار ہیں، 25 مئی کی ایکسرسائز ان کے ذہن میں ہو گی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے ساتھ جب بھی بیٹھنے کی بات کی تو انہوں نے ہمیں گالیاں دیں، جو شخص خودپرستی میں مبتلا ہو اس کے ساتھ کیا بات ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے گزشتہ روز پنجاب میں گورنر راج لگانے کی بھی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پنجاب میں میرا داخلہ بند کیا گیا تو یہ گورنر راج کا آغاز ہو گا۔ دریں اثناء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 350کے قریب لوگوں نے عمران خان کو غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کی ہے، ان کے چار ملازمین کے ناقابل تردید شواہد ہیں جن کے اکاؤنٹس میں تقریباً 750ملین ڈالر آئے۔ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے میں تاخیر ہو رہی ہے، ن لیگ اور دیگر اتحادی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ انہیں فنڈنگ کرنے والے ایسے لوگ بھی ہیں جن کا تعلق بھارت اور اسرائیل سے ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 50 ارب روپے کی ڈکیتی کی، عمران خان نے آج تک اپنی کرپشن کا جواب نہیں دیا، اس نے  اپنے ارد گرد دو نمبر لوگ بٹھائے ہوئے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ قوم نے شناخت نہ کی تو عمران خان ملک کو حادثے سے دو چار کر دے گا،  عمران خان گمراہ ہیں اور دوسروں کو بھی گمراہ کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا فیصلہ ہوچکا ہے، کسی کو علم نہیں تو اس کی کاپی فراہم کردوں گا، ماڈل ٹاؤن کیس میں میرے اور شہباز شریف کے خلاف کوئی بات ثابت نہیں ہوئی۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ سے انتخابات کا کہہ رہے ہیں، سیاسی مجبوریوں کے باعث انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کیا، ہم نے صرف بجلی کی قیمتیں بڑھائی ہیں، مہنگائی تحریک انصاف کے معاہدوں کی وجہ سے ہوئی ہے، ن لیگ کو ملک کو ڈیفالٹ سے نکالنے کا کریڈٹ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا نام عمران خان نے دیا، چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے لیے اگر جوڈیشل کونسل میں جانا ہے تو تحریک انصاف جائے، دھمکیوں سے چیف الیکشن کمشنر کو تو نہیں ہٹایا جا سکتا۔