کورونا سے مزید 8 جا ں بحق ،آصف زرداری بھی وائرس کا شکار، گلگت مظفرآباد،صوابی، پشاور، لاہور میں مثبت شرح 10 فیصد سےمتجاوز

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان بھر میں ورونا کی شدت میں مسلسل اضافہ جاری ہے ، عالمی وبا نے ایک روز میں مزید8افراد کی جانیں لے لیں ،اس دوران761 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، گلگت، مظفر آ باد،صوابی، پشاور، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح10فیصد سے تجاوز کر گئی،سابق صدر آصف زرداری بھی وائرس کا شکار ہو گئے ۔قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ24گھنٹے میں کورونا کے 20ہزار843ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے761 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، ملک بھر میں کورونا سے مزید8افراد جاں بحق ہو گئے اس دوران761نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے،170مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3اعشاریہ65 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، سب سے زیادہ شرح گلگت میں 19اعشاریہ64فیصد، مظفر آباد13اعشاریہ73، صوابی 12اعشاریہ50اورپشاور میں شرح12اعشاریہ47فیصد ریکارڈ کی گئی، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 16 فیصد،اسلام آباد 3اعشاریہ 70 ،کراچی 3 اعشاریہ 20، مردان 2 اعشاریہ 43 ،ملتان 2فیصد اور حیدر آباد میں یہ شرح 1اعشاریہ 75 فیصد رہی۔ سرگودھا میں 1اعشاریہ 32 اورکوئٹہ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1اعشاریہ 18 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ دوسری طرف سابق آصف زرداری بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے،وہ مکمل طورپر ویکسینیٹڈ ہیں۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری میں کورونا کی معمولی علامات پائی گئی ہیں اورانہوں نے خود کوقرنطینہ کرلیا ہے ،ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔