ادارےاپنی حدود میں کام کریں تاکہ جمہوری نظام مؤثر طریقے سےچلے، شہبازشریف

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ان کے خطاب میں بنیادی دلیل یہ تھی کہ جمہوری نظام کو ہموار اور مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ریاستی ادارے آئین کے متعین دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کام کریں۔ جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس بات کو سمجھے بغیر، ہم ایک دائرے میں گھومتے رہیں گے اور کہیں نہیں پہنچ پائیں گے۔دریں اثناء وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کیلئے وفاقی وزراء کی کمیٹی تشکیل دے دی جو آئندہ چار دن کے اندر تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔4اگست کو کمیٹی کی سفارشوں کی روشنی میں قلیل مدتی، وسط اور طویل مدتی جامع پلان تشکیل دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، مولانا اسد محمود، مریم اورنگزیب، شیری رحمان، اسرار ترین، امین الحق، شازیہ مری، وزیرِ اعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ، وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بازنجو اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔اجلاس کو حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ . وزیرِ اعظم نے زخمیوں اور متاثرہ گھروں کی امداد کو یکساں کرنے اور بڑھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے متاثرہ/زخمیوں کی امداد کو 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیرِ اعظم نے مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کے تعین کیلئے وفاقی وزراء کی کمیٹی تشکیل دے دی جو آئندہ چار دن کے اندر تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔