پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے قانون سازی کی جائے گی، مریم اورنگزیب

29 جولائی ، 2022

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے قانون سازی کی جائے گی، جب تک پارلیمنٹیرینز بامقصد ترقیاتی اہداف میں مشغول نہیں ہوں گے اس وقت تک ترقی کا کوئی ایجنڈا حاصل نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم نے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال زیادہ بارشیں ہوئیں، اس وقت ملک میں شدید سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ گذشتہ روز یہاں پائیدار ترقیاتی اہداف پر دو روزہ سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کی قیادت میں پاکستان کی پہلی پارلیمنٹ تھی جس نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو ادارہ جاتی شکل دی، آج اس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پائیدار ترقیاتی اہداف سے آگے بڑھ رہی ہے، 2022ء سے 2030ء تک ایس ڈی جیز کی مانیٹرنگ اور جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک ڈیزاسٹر رسپانس میں زیادہ سرمایہ کاری کرتے ہیں، ایس ڈی جیز میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا یس ڈی جیز کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، ہم مشکلات کو دور کرنے کے لئے قانون سازی کے ذریعے سازگار ماحول تشکیل دے سکتے ہیں۔